پاکستان آئندہ 5برس میں افریقی ممالک کیساتھ تجارتی حجم دوگنا کرنے کا خواہاں

 
0
258

اسلام آباد جنوری 30 (ٹی این ایس): مشیر تجارت’ صنعت اور سرمایہ کاری عبد الرزاق دائود نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ پانچ سال میں افریقی ممالک کے ساتھ اپنی تجارت کا حجم دوگنا کرنے کا خواہشمند ہے۔انہو ں نے جمعرات کے روز کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں پاک افریقہ تجارت کے فروغ کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ ٹھوس مواقع کی بدولت آئندہ برسوں میں ان کی باہمی تجارت میں کئی گنا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔عبد الرزاق دائود نے کہا کہ Look Africa پالیسی اقدام کو تحریک کی شکل دی جاچکی ہے اور یہ افریقہ کے لئے ہماری پالیسی میں وسیع لچک کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو برآمدی تنوع اور مصنوعات میں نفاست لانے اور انہیں پرکشش بنانے اور تجارت کو مزید جامع بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لئے افریقہ میں سفارتخانوں میں چھ نئے تجارتی ونگ کھول رہاہے’ انہوں نے کہا کہ ان میں الجزائر’ مصر’ ایتھوپیا’ سینیگال’ سوڈا ن اور تنزانیہ شامل ہیں۔آج کانفرنس کا پہلا دن تھا اور پاکستان اور کینیا مشترکہ طور پر اس کی میزبانی کررہے ہیں جبکہ دیگر افریقی ممالک کی ممتاز شخصیات بھی کانفرنس میں شریک ہیں۔