حکومت ملک میں برآمدات پر مبنی ترقی کیلئے کوشاں ہے،مشیر خزانہ

 
0
241

اسلام اباد جنوری 30 (ٹی این ایس): خزانے اور محصولات کے مشیر ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں برآمدات پر مبنی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔عبد الحفیظ شیخ نے برطانوی حکومت کی طرف سے پاکستان کے لئے سفری ہدایات میں تبدیلی کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مارکیٹ میں بے جا مداخلت میں کمی اور نجکاری کے عمل کے فروغ سے طویل المیعاد اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔مشیر خزانہ نے پاکستان کی برآمدات کے حوالے سے بھی بات چیت کی جس میں بہتری کا رجحان ظاہر ہونا شروع ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محصولات کی وصولی میں تقریباً16 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور شعبہ جاتی سرمایہ کاری میں بھی کئی گنا اضافہ ہواہے۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات کی حمایت کرتا ہے اور مستقبل میں تعاون کے لئے معیشت کو اہم شعبہ تصور کرتا ہے۔