اب لاہور کیلئے بھی چین سے براہ راست پروازوں کا آغاز چھ فروری سے شروع

 
0
229

لاہور فروری 05 (ٹی این ایس): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی کے بعد لاہور کے لیے بھی چین سے براہ راست پروازوں کا آغاز چھ فروری سے ہو جائے گا۔ چین کے شہر آرمچی سے لاہور کے لیے پہلی پرواز سی زیڈ-6017 روانہ ہو کرجمعرات کی صبح آٹھ بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے گی۔
چین سے آنے والی چائینہ ساؤدرن ایئر کی پرواز بے نمبر 10 پر پارک ہوگی جب کہ بے نمبر 11 کو احتیاطی تدابیر کے طورپر خالی رکھا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافروں کی آمد کے موقع پر سینئر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ٹیمیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود ہوں گی۔

مسافروں کی باقاعدہ تھرمل اسکیننگ کی جائے گی جس کے لیے تمام تر ضروری اور حفاظتی انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

تین فروری کو چین سے آنے والی تین مختلف پروازوں کے ذریعے کل( بروزِ منگل) 248 مسافر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے ہیں۔ شہر قائد میں بھی گزشتہ روز چین سے مسافروں کی بڑی تعداد پہنچی تھی۔

پاکستان میں چین کے سفیر کا کہنا ہے کہ مشکل گھڑی میں پاکستان کے اعتماد اور حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں۔

یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ چین میں لاکھوں پاکستانی موجود ہیں جنہیں ہم اپنا ہی شہری سمجھتے ہیں، یقین دلاتے ہیں کہ چین میں موجود پاکستانیوں کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔