فردوس عاشق اعوان نے مسئلہ کشمیر سے متعلق قراردادیں اقوام متحدہ کے دفتر میں جمع کرادیں

 
0
291

اسلام آباد فروری 05 (ٹی این ایس): وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان ریلی کی صورت میں اقوام متحدہ دفتر پہنچیں، معاون خصوصی نے مسئلہ کشمیر سے متعلق قراردادیں اقوام متحدہ کے نمائندے کو پیش کیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم کشمیر پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، فردوس عاشق اعوان قرارداد جمع کرانے اقوام متحدہ کے دفتر پہنچ گئیں، خواتین ارکان پارلیمنٹ اور بچے بھی معاون خصوسی اطلاعات کے ہمراہ اور معاون خصوصی نے قراردادیں اقوام متحدہ کے نمائندے جولین ہارنر کو پیش کردیں۔

یادداشت میں کہاگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے ،مسئلہ کشمیر کا پرامن حل اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ کشمیری، مسئلہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد چاہتے ہیں ،اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نے یوم یکجہتی کشمیر پرجاری اپنے پیغام میں کہا ہےکہ کشمیری عوام چھ مہینوں سے لاک ڈاؤن کا شکار ہیں وہاں مواصلاتی نظام کی بندش ہے، کشمیرمیں پابندیوں نے بھارت کے جمہوریت اور انسانی حقوق کےلیے احترام کو بے نقاب کردیا ہے۔