افغانستان کو کونسی مجبوریاں آڑے آگئیں؟؟؟ پاکستانی سفارتخانے کو تقریب سے روک دیا

 
0
481

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے کو یکجہتی کشمیر کی تقریب منانے سے روک دیا گیا ہے۔

کابل فروری 05 (ٹی این ایس): کابل میں ہوٹل انتظامیہ نے پاکستانی سفارتخانے کو کچھ دیر پہلے فیصلے سے آگاہ کیا۔ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ افغان حکومت کے سینیئر حکام نے ایونٹ بکنگ منسوخ کرنے کو کہا ہے۔

مختلف ممالک میں موجود سفارتخانوں میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات منائی جا رہی ہیں جبکہ پاکستان میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عام تعطیل ہے اور سرکاری سطح پر بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔

پوری قوم 5 فروری کو کشمیری بہن بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرے گی جبکہ ملک بھر میں ریلیاں اور سیمینارز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 5 فروری کو پاکستان کی مائیں بیٹیاں ہاتھوں کی زنجیریں بنا کر دنیا کو پیغام دینے جا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے سامنے پاکستان کی بیٹیاں ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5 فروری کو اقوام متحدہ کے ادارے کے سامنے قرارداد پیش کی جائے گی۔ بھارت کشمیری عوام کو حق خود ارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتا۔