اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے پراپرٹی ریٹ اور ٹیکسز بڑھائے جانے کے خلاف پراپرٹی مالکان اور خریداروں کا ڈی سی آفس کا گھیراؤ واحتجاج

 
0
643

اسلام آباد فروری 12 (ٹی این ایس): اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے پراپرٹی ریٹ اور ٹیکسز بڑھائے جانے کے خلاف پراپرٹی مالکان اور خریداروں کا ڈی سی آفس کا گھیراؤ واحتجاج، سینکڑوں مظاہرین نے 5 گھنٹے تک احتجاج کیا اور نعرے بازی کی، ڈی سی کی جانب سے 15 دن کی مہلت کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا، مظاہرین کی قیادت ڈپٹی مئیر اعظم خان و ذیشان نقوی ، چیئرمین یو سی غضنفر خان، ملک پرویز اختر اور جماعت اسلامی کے میاں اسلم نے کی، نوٹیفکیشن کے خلاف ہائیکورٹ میں پٹیشن بھی دائر کر دی گئی، تفصیلات کے مطابق وفاقی انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی زمینوں کے 400 فی صد تک ریٹس بڑھائے جانے کے خلاف مقامی رہائشیوں نے اسلام آباد انتظامیہ کے خلاف ڈی سی آفس کے باہر احتجاج کیا مظاہرین سینکڑوں کی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے انتظامیہ کے خلاف پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر نئے ریٹس ختم کئے جانے کے نعرے درج تھے مظاہرین نے پانچ گھنٹے تک ڈی سی آفس کا گھیراؤ جاری رکھا، مظاہرین میں ڈپٹی مئیر اسلام آباد اعظم خان و ذیشان نقوی، چیئرمین یو سی سرائے خربوزہ غضنفر خان ملک پرویز اختر، جماعت اسلامی کے میاں اسلم شامل تھے مظاہرین کے احتجاج کے بعد ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے مظاہرین کی جانب سے بنائی گئی مذاکراتی کمیٹی سے بات چیت کی جس پر انہوں نے اعتماد دلایا کہ وہ 15 دن کے اندر اس نوٹیفکیشن واپس کروانے کیلئے پوری کوشش کریں گے جس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔