پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، سرمایہ کاری مالیت میں 47 کھرب 99 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ

 
0
385

کراچی جولائی21 ( ٹی این ایس ): پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دو روزہ مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس کی 45100 اور 45200 کی نفسیاتی حدیں بحال ہو گئیں ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 45 ارب 99 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 17.33 فیصد کم جبکہ 59.25 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاناما کیس کی یومیہ بنیادوں پر سماعت کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 500 پوائنٹس کی کمی سے 44500 کی نچلی سطح پر ریکارڈ کیا گیا تاہم سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے کی خبروں کے باعث حکومتی مالیاتی اداروں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے توانائی ، اسٹیل سیکٹر میں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہو گئے اور کے ایس ای 100 انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 45389 کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا ۔ تاہم اتار چڑھاؤ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 234.46 پوائنٹس اضافے سے 45294.39 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ جمعہ کو مجموعی طو رپر 12 کروڑ 24 لاکھ 52 ہزار 640 شیئرز کا کاروبار ہوا ، جو جمعرات کی نسبت 2 کروڑ 56 لاکھ 75 ہزار 450 شیئرز کم ہے ۔ مجموعی طور پر 351 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ، جن میں سے 208 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ، 126 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 17 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 47 ارب 99کروڑ 36 لاکھ 47 ہزار 643 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 93 کھرب 8 ارب 81 کروڑ 54 لاکھ 5 ہزار 865 روپے ہو گئی ۔

جمعہ کو سائفر ٹیکسٹائل کے حصص سرفہرست رہے ، جس کے حصص کی قیمت 94.15 روپے اضافے سے 1978.95 روپے اور مری پٹرولیم کے حصص کی قیمت 68.34 روپے اضافے سے 1608.50 روپے ہو گئی ۔ نمایاں کمی باٹا پاک لمیٹڈ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ، جس کے حصص کی قیمت 25.00 روپے کمی سے 3025.00 روپے اور صنوفائی ایونٹس کے حصص کی قیمت 17.15 روپے کمی سے 1710.00 روپے پر بند ہوئی ۔ جمعہ کو ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کی سرگرمیاں ایک کروڑ 25 لاکھ 41 ہزار 500 شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ، جس کے شیئرز کی قیمت 47پیسے اضافے سے 38.63 روپے اور دیوان موٹرز کی سرگرمیاں 83 لاکھ 94 ہزار 500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ، جس کے شیئرز کی قیمت 2.74 روپے اضافے سے 40.09 روپے ہو گئی ۔ جمعہ کو کے ایس ای 30 انڈیکس 148.11 پوائنٹس اضافے سے 23639.59 روپے ، کے ایم آئی 30 انڈیکس 526.35 پوائنٹس اضافے سے 77088.71 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 164.17 پوائنٹس اضافے سے 31778.82 پوائنٹس بند ہوا