وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی او آئی سی سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر سے ملاقات میں گفتگو

 
0
468

اسلام آباد ۔ 3 مارچ (ٹی این ایس)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے بیانات اس بات کا ثبوت ہیں کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے او آئی سی سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر یوسف ایم الدوبے سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کی خلاف ورزیاں، 5 اگست 2019ءکے بعد بھارتی اقدامات زیر بحث لائے گئے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی اقدامات کی بدولت مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق شدت سے پامال ہو رہے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دورہ پاکستان کے دوران سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے بیانات اس بات کے ثبوت ہیں کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا کے تمام متعلقہ ادارے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر متحرک ہوں، خطہ کے امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا ضروری ہے۔ او آئی سی سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ او آئی سی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کےلئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گی۔