وزیراعظم عمران خان کا ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کے اجراءکے حوالے سے تقریب سے خطاب

 
0
307

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (ٹی این ایس) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت غربت کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے، اس مقصد کے لئے اعداد و شمار کو مرتب کرنا اہمیت کا حامل ہے، مہذب معاشرے کی پہچان غریب افرادکے رہن سہن سے ہوتی ہے، بدقسمتی سے عوام پر پیسہ خرچ کرتے وقت زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا جاتا، کسی ایک علاقے پر فنڈز خرچ کرنے سے دوسرے علاقے ترقی سے محروم رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کے اجراءکے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غربت کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے، اس مقصد کے لئے اعداد و شمار کو مرتب کرنا اہمیت کا حامل ہے، مہذب معاشرے کی پہچان غریب افرا دکے رہن سہن سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے عوام پر پیسہ خرچ کرتے وقت زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا جاتا تھا اور ماضی میں پنجاب کے بجٹ کا بڑا حصہ صرف لاہور پر خرچ کیا گیا، کسی ایک علاقے پر فنڈز خرچ کرنے سے دوسرے علاقے ترقی سے محروم رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا فار پاکستان کے ذریعے معلوم ہوگا کہ کہاں فنڈز خرچ کرنے کی ضرورت ہے، ڈیٹا فار پاکستان کی ملک کو بہت ضرورت تھی، فیصلہ سازی اور فنڈز مختص کرنے میں یہ اعداد و شمار معاون ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان اعداد و شمار کے تحت صوبائی مالیاتی ایوارڈ میں آسانی ہو گی، کمزور طبقے کی خوشحالی سے ہی ملک ترقی کرے گا۔ قبل ازیں تقریب سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویب پورٹل تک ہر شہری کو رسائی ہو گی، پورٹل پر جاری کیا جانے والا ڈیٹا مختلف سروے سے اکٹھا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورٹل پر جغرافیہ، صحت، تعلیم اور روزگار سے متعلق معلوماتی مواد موجود ہے، پورٹل وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر اداروں کی فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کرے گا، پورٹل کے تحت اعداد و شمار کے موازنے کی بھی سہولت ہے۔ پورٹل میں 2004ءسے 2018ءتک کا ترقیاتی شرح کا ضلعی ڈیٹا شامل ہے۔ ڈیٹا فار پاکستان پورٹل کو عالمی بینک کے تعاون سے تشکیل دیا گیا ہے۔