ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا ڈپٹی کلکٹر کسٹمز کوئٹہ عبدالقدوس شیخ کی شہادت پر اظہار تعزیت

 
0
325

اسلام آباد جولائی 09 (ٹی این ایس): ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ڈپٹی کلکٹر کسٹمز کوئٹہ عبدالقدوس شیخ جو دورانِ ڈیوٹی سمگلرز کے بیہمانہ حملہ میں شدید زخمی ہو گئے تھے، کی ہسپتال میں شہادت پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ ڈپٹی کلکٹر کسٹمز کوئٹہ عبدالقدوس شیخ کی منگل کو ہسپتال میں شہادت پر انتہائی غمزدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ انتہائی بہادر، اصول پرست اور فرض شناس افسر تھے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ صوبائی حکومت کو اس اندوہناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے ان ظالموں کو سخت سے سخت سزا دے کر نشان عبرت بنانا چاہئے تاکہ آئندہ کوئی مجرم اپنی ڈیوٹی ادا کرنے والے فرض شناس آفیسرز کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہ سکے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے اور یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔