نواز،زرداری سےغیرملکی دوروں کےاخراجات کا حساب لیں گے،وزیراعظم

 
0
286

اسلام آباد جولائی 09 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں سے غیرملکی دوروں کے اخراجات کا حساب لیا جائے گا، نوازشریف کے غیرملکی دوروں پر1421.5ملین روپے اورآصف زرداری کے غیرملکی دوروں پر 183.5ملین روپے خرچ ہوئے، ان دوروں سے ملک و قوم کو کیا حاصل ہوا؟ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری کے ادوار کے اخراجات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے غیرملکی دوروں پر1421.5ملین روپے خرچ ہوئے۔سابق صدرآصف زرداری کے غیرملکی دوروں پر 183.5ملین روپے خرچ ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سابق حکمران قومی خزانے سے پرتعیش دورے کرتے رہے۔ ملک اور قوم کو ان غیرملکی دوروں سے کیا حاصل ہوا؟ انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں اڑائی گئی دولت کے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایف آئی اے ری اسٹرکچرنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور سول سروسز اصلاحات کمیٹی کی تجاویز پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔ دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم عوام بناتے ہیں قوم نے ہی لٹیروں کو اس انجام تک پہنچایا۔ اپنے ووٹ کی طاقت سے لٹیروں کو نظام سے ہی باہر پھینک دیا۔
انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان کے شیخ چلی کے خواب دیکھنے پر پابندی نہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ منڈی بہائوالدین میں جلسہ تو نہ ہوسکا، کارنر میٹنگ سے گزارا چلایا گیا۔انہوں نے کہا کہ پٹواریوں،انتظامیہ اور پولیس پر بس نہیں رہا اسی لئے اب جلسے نہیں ورکرز کنونشن کی کوشش ہو رہی ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مریم نوازکے خطاب پرردعمل میں کہا کہ محترمہ، آپ نے آڈیواوروڈیوٹیپ کا ڈرامہ رچایا ہے، آڈیو، ویڈیوکا فرانزک آڈٹ ہوا تو پتہ چلے گا سرخروکون ہوتا ہے، آپ سرخروکہاں ہوئی سرخروہونے کا آسان طریقہ تھا آپ منی ٹریل دیتے، سرخروتوآپ لوٹی ہوئی دولت قوم کولوٹا کرہوں گی۔
سیاست کی ڈوبتی کشتی کوسہارا دینے کی ناکام کوشش کی گئی، مریم نوازلوگوں کوگمراہ کررہی ہیں، آپ کا عوام کوگمراہ کرنے کا ڈرامہ مکمل فلاپ ہوگیا، عوام کے اعصاب سے کھیلنا بند کریں، محترمہ کی جعلسازی ثابت ہوچکی اوریہ ضمانت پرہیں، آپ عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کرنہیں سکیں، آپ کوسپریم کورٹ نے سزا دی۔