معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار کا نیوٹیک کے ٹی ویٹ ایکریڈیشن اینڈ کوالٹی ایویلیو ایشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

 
0
363

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (ٹی این ایس) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار نے نیشنل ووکیشنل اینڈٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ٹی ویٹ اداروں کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف ملک میں فنی تربیت فراہم کرنے والے بہترین اداروں کی نشاندہی ہوگی بلکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کے مطابق تربیت کی فراہمی کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔ یہ بات انہوں نے نیوٹیک کے ٹی ویٹ ایکریڈیشن اینڈ کوالٹی ایویلیو ایشن کمیٹی کے پندرہویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) ڈاکٹر ناصر خان نے پاکستان کے ٹی ویٹ سیکٹر کے معیار میں بہتری لانے کے لئے ملک میں زیادہ سے زیادہ ٹی ویٹ ایکری ڈیشن اداروں کو تسلیم کرنے کی ضرورت پرزوردیا ہے تاکہ ہمارے نوجوانوں کو روزگارکی فراہمی کے لئے قومی اور بین الاقوامی صنعت کی ضروریات کے مطابق تیار کیاجاسکے۔ پچھلے کچھ سالو ں میں نیوٹیک نے ٹیویٹ اداروں کے معیار کی تشخیص کے لئے نیا طریقہ کار اور معیار تشکیل دیاہے۔ ٹیویٹ ایکریڈیشن اینڈ کوالٹی ایویلیو ایشن کمیٹی کا مقصد قومی اور بین الاقوامی موازنہ اور اداروں، پروگراموں اور ڈگریوں کی شناخت کو آسان بنانا ہے جو قومی پیشہ ورانہ اہلیت کے فریم ورک میں وضع کر دی گئی ہیں۔ اجلاس میں پورے پاکستان سے تقریبََا سو اداروں کو مستند قرار دینے کے لئے رپورٹس کو زیر غور لایا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر خان نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ معیارکی تشخیص کیلئے وضع کردہ نیا طریقہ کار مستقبل میں طلبائ، والدین اور آجروں کو ٹیوٹ انسٹی ٹیوٹس کے متعلق فیصلہ کن انتخاب کرنے میں مدد فراہم کریگا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے میاں وقاص مسعود نے اجلاس کی صدارت کی۔ ا±نہوں نے بہت کم دورانیے میں ایکریڈیشن نظام کو بہتر بنانے میں نیوٹیک کو سراہا اور کہا کہ اس سے نوجوانوں اور والدین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور ہنر مند افرادی قوت کو اندرون و بیرون ملک ملازمت کے حصول میں آسانی ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل نیوٹیک (اے سی اینڈ سی) مقیم الاسلام نے نیوٹیک کا مقصد ٹی ویٹ اداروں کے معیار کو بڑھانا، ٹیوٹ پروگراموں کی فراہمی، ان کی صلاحیت اور ٹیوٹ اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے تا کہ وہ اندرونی اور بیرونی معیار کے عمل کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی کے عمل کو جاری رکھ سکے۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)، نیشنل اسکل یونیورسٹی،ٹیوٹاپنجاب، ٹیوٹا اے جے کے، ٹیوٹاکے پی، ٹی ٹی بی بلوچستان، اراکین سندھ، پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی)، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن، جی آئی زیڈ، نیوٹیک کے افسران اور ٹیوٹ ریفارم سپورٹ پروگرام کے نمائندے اس تین روزہ اجلاس میں شرکت کرتے رہیں گے۔ جس میں ملک بھر کے ٹیویٹ اداروں کی رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا۔