سی ڈی اے نے اسلام آباد کی پرائیویٹ ہاوسنگ سوسائٹی جدہ ٹاؤن کا جزوی قبضہ لے لیا

 
0
279

اسلام آباد مارچ 14 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے اسلام آباد کی پرائیویٹ ہاوسنگ سوسائٹی جدہ ٹاؤن کا جزوی قبضہ لے لیا ہے جبکہ اس سوسائٹی کی ساری زمین کا قبضہ ایک ہفتے میں حاصل کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ جدہ ٹاؤن اسلام آباد کی پہلی پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی ہے جس نے 1992-93میں اس ہاؤسنگ سکیم کا آغاز کیا تھا۔ پہلے مرحلے میں سوسائٹی کی انتظامیہ نے 297کنال کا این او سی لیا تھا جبکہ بعد ازاں سی ڈی اے کے قوانین کے مطابق مزید800 کنال اراضی اس سکیم میں شامل کر لی تاہم ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اراضی سے زیادہ پلاٹ فروخت کر دیئے جس پر نہ صرف سی ڈی اے نے مطلوبہ کاروائی کی بلکہ اس سوسائٹی کا کیس نیب کے پاس گیا جنہوں نے اس سوسائٹی کی طرف سے کی جانیو الی خلاف ورزیوں پر دو ریفرنس دائر کئے جس کے باعث سوسائٹی انتظامیہ کو پابند کیا گیا کہ وہ سوسائٹی کی اراضی ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے حوالے کر دیں۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تمام تر قانونی پہلوؤں کو مکمل کرنے کے بعد جدہ ٹاؤن کی اراضی کے قبضے کے حصول کے لیے کام شروع کر دیا ہے اور جزوی طور پر حاصل کی جانے والی اراضی پر پلرز بھی لگا دیئے گئے ہیں اور سی ڈی اے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے کو موئثر مانیٹرنگ کے لیے ہدایت کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار اور سی ڈی اے کی پلاننگ ونگ کے متعلقہ افسران جدہ ٹاؤن کی تمام اراضی کو قبضے میں لینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ جدہ ٹاؤن کی ساری اراضی ایک ہفتے کے دوران حاصل کر لی جائے گی۔