کورونا وائرس کے کل تک مجموعی طور پر 8931 ٹیسٹ کیے گئے تھے جبکہ کل سے آج تک 660 ٹیسٹ کئے ہیں، سید مراد علی شاہ

 
0
1534

کراچی اپریل 06 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بروز پیر کو اپنے ایک وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کے کل تک مجموعی طور پر 8931 ٹیسٹ کیے گئے تھے جبکہ کل سے آج تک 660 ٹیسٹ کئے ہیں، اس حساب سے کُل 9589 ٹیسٹ ہوئے ہیں۔ کرونا وائرس کےکیسز کی تعداد881 تھی اور آج 51 نئے کیسز کا اضافہ ہوا ہے، اس حساب سے کُل کیسز کی تعداد 932 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سکھر میں 124 زائرین کا دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز تک 130 کورونا کیس کے مریض ٹھیک ہوگئے ہیں اور اب تک ٹھیک ہونے والے مریضوں کی تعداد 253 ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صحتیاب ہونے کی شرح 27.5 فیصد ہے۔ آج کورونا وائرس کے 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس سے اموات کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت 662 مریض زیرعلاج ہیں۔ 342 افراد گھروں میں آئیسولیشن میں ہیں، 130 لوگ سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور 190 افراد نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مخیر حضرات سے کہا کہ وہ راشن کی تقسیم میں لوگوں کے درمیان فاصلہ رکھیں۔راشن کی تقسیم سے اگر کورونا وائرس پھیلا تو یہ جرم سمجھا جائے گا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم لاک ڈائون کے بعد کام کرنے کیلئے ایس او پی بنا رہے ہیں، ہر سیکٹر میں لوگوں کو بننے والی ایس او پی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بزرگوں اور بچوں کا خیال رکھیں اور وائرس سے بچائو کیلئے حفاظتی اقدامات کے تحت فاصلہ رکھیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر آپ کورونا کے مریض ہیں یا آپ میں کورونا کا شک ہے تو آپ کو سرکاری نمبر سے فون آئیں گے۔ آپ سے التجا ہے کہ آنے والی فون کالز کے سوالات کے صحیح جوابات دیں۔ حکومت کی طرف سے اگر آپ کو ایک یا زائد مرتبہ کالز آئیں تو آپ بیزاری ظاہر نہ کریں اور مکمل تعاون کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے وڈیو پیغام میں مزید کہا کہ اللہ پاک آپ سب کو اور ہم کو اس موذی وائرس سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے