وفاقی حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کےلئے تمام صوبوں کی بھرپور معاونت کر رہی ہے، وزیراعظم عمران خان

 
0
361

پشاور ۔ 10 اپریل (ٹی این ایس) وزیراعظم عمران خان نے گورنر خیبرپختونخوا، وزیراعلیٰ اور متعلقہ وزراءکو صوبہ کے متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کرنے اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کےلئے تمام صوبوں کی بھرپور معاونت کر رہی ہے اور یہ تعاون جاری رہے گا، موجودہ صورتحال میں حکومت کی توجہ وباءپر قابو پانے کے ساتھ ساتھ کمزور اور غریب طبقہ کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر، وزیر مملکت شہریار آفریدی، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان اور صوبائی وزیر صحت موجود تھے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کورونا وباءکے پیش نظر صوبائی حکومت کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے 6 اضلاع میں کورونا وائرس کی وباء دیگرعلاقوں کی نسبت زیادہ پائی گئی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے 3 فروری کو کورونا ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔ گورنر، وزیراعلی، وزیر صحت اور اعلیٰ حکام روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں 275 قرنطینہ سنٹر بنائے گئے ہیں جن میں کل 18,000 افراد کی گنجائش موجود ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی سطح پر حال ہی میں 32 ارب کے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں 583 وینٹیلیٹر موجود ہیں جن کی تعداد کو مزید بڑھایا جا رہا ہے۔ ایمرجنسی کے تحت صوبہ میں 638 ریگولر اور 1299 کنٹریکٹ پر اضافی ڈاکٹر بھرتی کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 9 ہزار ریٹائرڈ ڈاکٹر، نرسیں اور پیرا میڈک سٹاف نے رضاکاروں کے طور پر رجسٹریشن کرائی ہے جن کو بوقت ضرورت بلایا جائے گا، صوبے میں سرکاری سطح پر 400 ریپیڈ رسپانس ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا ٹیسٹنگ کی استعدادکو بڑھایا جا رہا ہے، ضلعی انتظامیہ کو اختیارات تفویض کر دیئے گئے ہیں تاکہ عوام کی سہولت کےلئے اقدامات کئے جاسکیں۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ موجودہ صورتحال میں حکومت کی توجہ وباءپر قابو پانے کے ساتھ ساتھ کمزور اور غریب طبقہ کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت اس وباءپر قابو پانے کےلئے تمام صوبوں کی بھرپور معاونت کر رہی ہے اور یہ تعاون جاری رہے گا۔ وزیراعظم نے گورنر، وزیراعلیٰ اور متعلقہ وزراءکو ہدایت کی کہ وہ صوبے کے متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کریں اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔