اسلام آباد اپریل 16 (ٹی این ایس): ملک میں ہونے والی 128 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ سندھ میں 45 اور خیبرپختونخوا میں 42 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 34 ، بلوچستان میں 3، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔
سندھ
سندھ میں آج اب تک کورونا وائرس کے مزید 340 کیسز سامنے آئے ہیں اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2008 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 45 ہوگئی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 16 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 576 ہوگئی ہے۔
پنجاب
پنجاب میں آج اب تک کورونا وائرس کے مزید 216 کیسز سامنے آئے ہیں اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے کی گئی ہے۔
صوبے میں نئے کیسز اور ہلاکتوں کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3,291 اور ہلاکتیں 34 ہوگئی ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں 701 زائرین، 1236 رائے ونڈ میں تبلیغی ارکان، 91 قیدی اور 1204 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔
پنجاب میں ہونے والی 34 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 14، راولپنڈی 9، ملتان 3، رحیم یار خان 2، گجرات 2، بہاولپور، جہلم، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 508 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان میں آج بروز جمعرات اب تک کورونا کے مزید 11 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 280 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 3 افراد وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔
صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے بلوچستان میں مزید کیسز کی تصدیق کی۔
ادھر صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں کورونا کے 140 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 5 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 145 ہوگئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں بدھ کو 47 نئے کیسز اور 4 اموات سامنے آئیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 42 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 912 ہوگئی۔
صوبے میں مزید 13 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس سے جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 191 ہوچکی ہے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر سے بدھ کو کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔
پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 46 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں بدھ کو کورونا کے مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 237 ہو گئی۔
دو نئے کیسز استور اور ایک نگر میں سامنے آیا جبکہ گلگت بلتستان میں زیر علاج مریضوں کی تعداد صرف 56 رہ گئی ہے۔
گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 178 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔
خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔