ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کے لیے غیرمشروط معاونت فراہم کی جائے: شاہ محمود قریشی

 
0
244

اسلام آباد اپریل 16 (ٹی این ایس): تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں آئی ایم ایف نمائندہ ٹریساڈبن ساشیز نے ملاقات کی جس میں کورونا صورت حال اور پیدا ہونے والے معاشی مضمرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا نے دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے،ترقی پذیرممالک پر اس وبا کے منفی اثرات انتہائی شدید ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کے لیے قرض سہولت کی تجویز دی جس پر سیکرٹری جنرل یو این،آئی ایم ایف نے مثبت رد عمل کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کی معاشی بحالی کے لیے غیرمشروط معاونت فراہم کی جائے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے کمزور معیشتوں پر اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپیل کی تھی، اب جی 20 ممالک نے ترقی پذیر ممالک پر واجب الادا قرضوں کو مؤخر کرنے کی سہولت کا اعلان کر دیا ہے جو قابل ستائش ہے۔