کورونا وائرس: پاکستان میں علاقائی فضائی آپریشن بحال، کرایہ نامہ بھی جاری

 
0
8760

اسلام آباد 16 مئی 2020 (ٹی این ایس): عالمی وبا کورونا وائرس باعث معطل علاقائی فضائی آپریشن 56دن بعد بحال ہوگیا، کراچی سے پروازیں اسلام آباد اور لاہور کیلئے روانہ ہوگئیں، پی آئی اے سے 86 مسافر لاہور جبکہ نجی ایئرلائن سے 100مسافراسلام آباد روانہ ہوئے۔

مسافروں کو سینیٹائز کئے جانے کے بعد عمارت میں داخلے کی اجازت دی گئی اور ایس اوپیز کےتحت مسافروں کوہاتھ لگائے بغیر جدید ترین اسکینرز سے اسکریننگ کی گئی جبکہ مسافروں کو سماجی فاصلے کی پابندی کے ساتھ بورڈنگ کارڈ جاری کیے گئے۔

پی آئی اے لاہور سے کراچی کا یکطرفہ کرایہ 17ہزار روپے وصول کررہی ہے جبکہ نجی ایئرلائن کراچی سےاسلام آباد کا یکطرفہ کرایہ 16 ہزارسےزائدوصول کررہی ہے۔

ائیرپورٹس پر سماجی فاصلے ، ماسک اور گلوز کے استعمال کی ہدایات آویزاں جبکہ انتظار گاہوں میں 2نشستوں کے درمیان ایک نشست خالی چھوڑنے کی ہدایت کی گئی اور بورڈنگ کاونٹرز پر عملے اور مسافر کے درمیان شیشہ نصب کیا گیا ہے

دو مسافروں کے درمیان 3فٹ سے زیادہ فاصلے کی نشاندہی کیلئے نشانات لگادیےگئے اور ہاتھوں کو بار بار دھونے اور ہینڈ سینیٹائزر کے استعمال کی بھی تلقین کی گئی ہے۔

خیال رہے گزشتہ روز اندرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے حکومت نے علاقائی پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے مطابق 20 فی صد جزوی فلائٹ آپریشن بحال کیا گیا ہے، جزوی ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن کے لیے پی آئی اے اور نجی ایئرلائن نے فلائٹ شیڈول بھی جاری کر دیا تھا، یہ علاقائی آپریشن 5 بڑے ایئرپورٹس سے کیا جا رہا ہے، جن میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ ایئرپورٹس شامل ہیں۔

اس سلسلے میں سول ایوی ایشن نے باضابطہ اجازت نامہ بھی جاری کر دیا تھا، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری جزوی بحالی کے نوٹم کے مطابق یہ اجازت 30 جون 2020 تک دی گئی ہے، کراچی سے ہفتہ وار 68 پروازیں چلائی جائیں گی جبکہ اسلام آباد اور لاہور سے 32 پروازیں، پشاور سے 4 اور کوئٹہ سے 6 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔

ایس او پی کے تحت ڈومیسٹک پروازوں پر مسافروں کا لوڈ کم ہوگا، دوران پرواز مسافروں میں سماجی فاصلوں کو یقینی بنایا جائے گا، مسافروں کو ماسک کا استعمال کرنا لازمی ہوگا، اندرون ملک جانے اور آنے والے تمام مسافروں کی مکمل طبی جانچ ہوگی۔