حکومت کا انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان، عوام خوشی سے نہال

 
0
481

لاہور 16 مئی 2020 (ٹی این ایس): پنجاب حکومت نے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے، وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کو چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ایس اوپیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے شاپنگ مالز، آٹو موبائل انڈسٹری ، پاورلومز، موبائل فونز شاپس بھی کھول دی جائیں گی۔

انہوں نے انسداد کورونا کابینہ کمیٹی کے اجلاس سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کو چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اجلاس میں مسیحی برادری کو چرچ میں اتوار کی عبادات کی اجازت دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے شاپنگ مالزکھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

آٹو موبائل انڈسٹری اور پاور لومز کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ موبائل فونز اور اس سے منسلک دیگر شعبوں کو بھی کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ تمام فیصلے کابینہ کمیٹی برائے انسدادِ کورونا کے اجلاس میں کیے گئے ہیں۔ یاد رہے پنجاب حکومت نے ٹرانسپوٹرز کے ساتھ مل کر انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کھولنے کیلئے ایس اوپیز تیار کیے تھے۔ جس کے تحت بس میں2 سیٹوں پر ایک مسافر سفر کرے گا۔

اسی طرح 2 مسافروں میں 3 فٹ کا فاصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مسافروں کیلئے فیس ماسک اور ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال بھی لازمی ہوگا۔ ٹرانسپورٹرز کو یقنی بنانا ہوگا کہ بس میں سوار ہونے کیلئے اگلا دروازہ اور اترنے کیلئے پچھلا دروازہ استعمال ہوگا۔ اسی طرح روٹ مکمل ہونے کے بعد بس میں جراثیم کش سپرے کرنا ہوگا۔ بسوں میں اے سی کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا تھا کہ صوبوں میں ٹرانسپورٹ کھولنے پر فیصلہ نہیں ہوسکا، صوبوں کو خدشہ ہے ٹرانسپورٹ کھولنے سے وائرس پھیلے گا، امریکا، یورپ میں ہزاروں لوگ مررہے ہیں۔ وہاں ٹرانسپورٹ نہیں بند ہوئی، پھر ہم نے کیوں بند کردی؟ میں درخواست کرتا ہوں کہ ٹرانسپورٹ کھول دیں۔