پاک بھارت کشیدگی کا بدترین رخ، مقبوضہ کشمیرمیں مظاہرین پرطاقت کا استعمال، لوگ سڑکوں پرنکل آئے

 
0
9815

اسلام آباد 16 مئی 2020 (ٹی این ایس): کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لوگ اسلام آباد، پلوامہ ، بڈگام اور دیگر مقامات پر سڑکوںپرنکل آئے اور زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے۔ بھارتی فورسز اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے بعد قابض اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں ۔ فورسز اہلکاروں کی کارروائی میں متعددافراد زخمی ہوگئے۔مظاہروںکی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے اپنے جاری کردہ احتجاجی کلینڈر کے ذریعے دی تھی ۔

مظاہروںکامقصد کشمیری نوجوانوں کے مسلسل قتل کی مذمت اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا۔سینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے سرینگرمیںجاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت جنوبی ایشیا کی دوجوہری طاقتیں ہیں اور انکے درمیان کشیدگی ایک بدترین رخ اختیار کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر دونوں ملکوںکے درمیان ایک بنیادی مسئلہ ہے جسکا حل نہ کیاجانا دونوں پڑوسیوں میں سے کسی کی فتح یا شکست نہیں بلکہ اس تنازے کا قابل قبول ، دیرپا اور قابل احترام حل سب کی فتح ہوگی ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس اور جاوید احمد میر سمیت دیگر آزاد پسند رہنمائوں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں افسوس ظاہرکیا کہ کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے اور بھارتی فوجی کشمیریوں کی تحریک آزادی کودبانے کیلئے بیگناہ کشمیری نوجوانوں کو ہدف بنا رہے ہیں۔ انہوںنے فوجیوں کی طرف سے ضلع بڈگام کے علاقے کائوسہ میں بیگناہ نوجوان معراج الدین شاہ کے سفاکانہ قتل کی مذمت کی۔ کشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہاگیاکہ بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران مئی کے مہینے میں اب تک 11کشمیریوں کو شہید کیا۔

جموں وکشمیر یوتھ سوشل فورم کے ارکان نے جمعہ کو سرینگرمیں ایک اجلاس میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔بھارتی فوجیوں نے سرینگر، بڈگام ، کنگن، اسلام آباد، شوپیاں، پلوامہ، اونتی پورہ، حاجن، کپواڑہ،ہندواڑہ،سوپور،بارہمولہ،رفیع آباد، پٹن، ڈوڈہ،کشتواڑاوردیگرعلاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی جاری رکھیں۔ان علاقوں کے رہائشیوںنے ذرئع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ فوجیوں نے انکی زندگیاں جہنم بنا دی ہیں۔

ادھر جموں وکشمیر پیپلز لیگ نے ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ ایک اجلاس میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں محاصرے اور تلاشی کی نام نہادکارروائیوں کے دوران نوجوانوں کے قتل، گرفتاریوں اور املاک کی تباہی کی مذمت کی۔ اجلاس کی صدارت پیپلزلیگ کے وائس چیئرمین سیداعجاز رحمانی نے کی جبکہ اس میں پارٹی رہنمائوں مولوی احمد راتھر، احمد شیخ، انجینئر فیاض، پرویزاحمد، شبیر احمد، مولوی رفیق ، بلال احمد اور دیگر نے شرکت کی۔