پی ایف سی 7 فروری سے پیرس میں منعقد ہونے والے 3 روزہ ٹیکس ورلڈ انٹرنیشنل میلے میں شرکت کرے گی، میاں کاشف اشفاق

 
0
117

اسلام آباد 30 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): :پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) آئندہ برس 7 فروری سے پیرس میں منعقد ہونے والے 3 روزہ ٹیکس ورلڈ انٹرنیشنل میلے میں شرکت کرے گی جس سے یورپ میں کاروباری مواقع اور نئی منڈیوں کی تلاش میں مدد ملے گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایف سی میاں کاشف اشفاق نے ہفتہ کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف سی چن ون کے ساتھ مل کر اس بین الاقوامی میلے میں شرکت کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان سے رجوع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس میلے میں سال میں دو بار دنیا بھر سے ٹیکسٹائل کے ہزاروں ادارے اور مینوفیکچررز شرکت کرکےاپنی مصنوعات کی نمائش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چن ون اپنی اعلیٰ بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی نمائش بھی کرے گا تاکہ یورپی منڈیوں میں اپنی جگہ بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور بین الاقوامی خریداروں کے ساتھ کاروباری معاہدے کرنے کا ایک بہترین موقع ہو گا جس میں انتہائی عام اور بنیادی مصنوعات سے لے کر انتہائی تخلیقی اور اعلیٰ کوالٹی مصنوعات شامل ہیں ۔

میاں کاشف نے کہا کہ چن ون نے پہلے بھی امریکہ، چین، اٹلی، ترکی، سری لنکا میں کئی بین الاقوامی میلوں میں شرکت کرکے اپنی مصنوعات متعارف کروائی ہیں جن کی بیرون ملک بہت زیادہ مانگ ہے اور وہ اب بھی غیر ملکی خریداروں سے آرڈرز ملنے بارے پر امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی میلوں میں شرکت کا بنیادی مقصد قومی معیشت کو مضبوط بنانا ہے اور ٹی ڈیپ برآمدی مصنوعات تیار کرنے والوں کو سہولت فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سرمایہ کاری کے لیے یورپی یونین کے بڑے اداروں کے ساتھ مسلسل میٹنگز بھی جاری رکھیں گے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں پر زور دیں گے کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے بے مثال خصوصی پیکج سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ملاقاتوں میں وہ پیکج کی نمایاں خصوصیات کو بھی اجاگر کریں گے اور انہیں مستحکم اور محفوظ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کریں گے جو اب سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک ہے۔