حکومت کا آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کےلیے اہم فیصلہ، مہنگائی سے ستائی عوام کیلئے خوشخبری

 
0
391

اسلام آباد 08 جون 2020 (ٹی این ایس): اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں گندم کی ضروریات کو پورا کرنے اور آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کو یقینی بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔وزیراعظم آفس کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی بین الصوبائی منتقلی پر تمام پابندیاں فوری اٹھالی جائیں گی اور گندم درآمدکی اجازت بھی دی جائے گی اور درآمدکی مقدار پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

اجلاس میں گندم کی ضروریات پوری کرنے اور آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کےلیے اہم فیصلے کیے گئے جب کہ گندم کی درآمد نجی شعبے کےذریعے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں گندم پر درآمدی ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کرنے اور ملک سے گندم اور آٹے کی اسمگلنگ مکمل طور پر روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔

حکومت نے گندم اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا ہے۔