قومی اقتصادی کونسل کیجانب سے 1324 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور

 
0
246

اسلام آباد 11 جون 2020 (ٹی این ایس): قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) نے آئندہ مالی سال 2020-21 کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔

آئندہ مالی سال میں ترقیاتی کاموں پر ایک ہزار تین سو چوبیس ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

وفاقی ترقیاتی پروگرام میں سو ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس سال وفاق ساڑھے چھ سو ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرے گا۔

این ای سی اجلاس میں صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کا مجموعی حجم چھ سو 74 ارب روپے رکھا گیا ہے جب کہ انسداد کورونا کے لیے 70 ارب روپے کے خصوصی منصوبے بھی منظور کرلیے گیے ہیں۔

اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ این ای سی نے ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کو دو ارب روپے تک منصوبے منظور کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں نوجوانوں کو ملازمت دینے والے ادارے ترجیح ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ زراعت، صحت اور شعبہ تعلیم میں بہتری لائیں گے۔

خیال رہے کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں مجموعی ترقیاتی فنڈز کا حجم 1600 ارب روپے تھا۔

آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیا جائے گا اور اطلاعات ہیں کہ کورونا وائرس کے سبب معیشت کو جو نقصان ہوا اس کے باعث بجٹ کے اہداف کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزارتوں کی طرف سے دی گئی بجٹ تجاویز پر بھی مزید کٹ لگایا گیا ہے۔

بجٹ کا حجم 7 ہزار 600 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ نئے مالی سال میں وفاق کی خالص آمدن کا تخمینہ 4 ہزار 200 ارب روپے ہو گا جبکہ خسارے کا تخمینہ 2 ہزار 896 ارب روپے لگایا گیا ہے۔