راولپنڈی بم دھماکہ: آئی جی پنجاب سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب

 
0
262

لاہور 13 جون 2020 (ٹی این ایس): پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے صدر راولپنڈی میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے ریڑھی بان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقع میں ملوث ذمہ داروں کو نشان عبرت بنا دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر قانون پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر تمام طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے بھی بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جان کے نقصان پہ شدید افسوس ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پرامن ماحول خراب کرنے کی مذموم کوشش کرنے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

راولپنڈی صدر میں ہونے والے بم دھماکے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک شخص جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق بم موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔