مریضوں کی جان بچانے والا ڈیکسامیتھاسون انجکشن، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے خبردار کردیا

 
0
1199
WFI-cz

اسلام آباد 18 جون 2020 (ٹی این ایس): ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کورونا مریضوں کی جان بچانے والے ڈیکسامیتھاسون انجکشن سے متعلق ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ڈاکٹری نسخے کے بغیر انجکشن یا دوا کی فروخت ممنوع قرار دے دی۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے بھی وفاق اورصوبائی ڈرگ انسپکٹرز کوہدایات جاری کر دی ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں ڈیکسامیتھاسون کی کافی مقدار موجود ہےحکومت کسی کو بلیک مارکیٹنگ یا ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیکسامیتھاسون کی مصنوعی قلت پرقانونی کارروائی کی جا ئےگی جب کہ ٹاسک فورس کوقانون شکن عناصرکیخلاف ایکشن کی ہدایت دی ہیں.

دوسری جانب ادویات ساز اداروں اور ڈسٹری بیوٹرز نے کورونا مریضوں کی جان بچانے والی دوا ‘ڈیکسا میتھازون کی قیمتوں میں 100گنا اضافہ کردیا، ہولسیل فارما آرگنائزیشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات غائب ہونے کا نوٹس لے اور عناصر کو پکڑا جائے۔

ایکٹیمرا کے بعد ڈیکسامیتھازون کا بغیر نسخے استعمال شروع ہوتے ہی ادویات ساز ادراوں اور ڈسٹری بیوٹرز کی ملی بھگت سے ہول سیل اور ریٹیل مارکیٹ میں جان بچانے والی ادویات کے ساتھ ساتھ کرونا مریضوں کو لگنے والے انجکشن ایکٹیمرا اور ڈیکسامیتھازون کی قیمتوں میں ایک سو گنا اضافہ ہوگیا۔

ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان کے صدر عاطف بلو کہنا ہے کہ کمشنر کراچی کو صورتحال سے آگاہ کردیا ہے کہ ادویات کی قلت اور نرخوں کے اضافے کے ذمہ دار ہول سیل ادویات فروش نہیں بلکہ ادویات ساز کمپنیاں اور ان کے مخصوص سٹریبیوٹرزہیں۔