ناراض حکمران اتحادی جماعت اور پیپلزپارٹی میں نزدیکیاں بڑھنے لگیں، بلاول بھٹو کا سردار اختر مینگل کو ٹیلی فون

 
0
234

کراچی 27 جون 2020 (ٹی این ایس): چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سردار اختر مینگل کو ٹیلی فون کر کے این ایف سی ایوارڈ سمیت دیگر امور پر بات چیت کی۔

بلاول بھٹو زرداری اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے بجٹ امور پر مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا۔

بلاول بھٹو اور سردار اختر مینگل کے درمیان 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اگلے ہفتے اے پی سی کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نےملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ سربراہ بی این پی سردار اختر مینگل نے چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سردار اختر مینگل کی جانب سے اتحاد ختم کرنے کے اعلان کے بعد حکومت کی جانب سے انہیں منانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے تاہم حکومت اب تک اس میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔