سابق مشیر برائے وزیر اعظم چوہدری محمد ارشد اولکھ اور خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد کی تجویز پر متبرکات کی نمائش میں 15 جولائی تک توسیع موجودہ حالات میں لوگوں کے روحانی سکون کیلئے سردار تنویر الیاس کی کاوش لائق تحسین ہے، سابق مشیر برائے وزیر اعظم

 
0
833

اسلام آباد 04 جولائی 2020 (ٹی این ایس): سابق مشیر برائے وزیر اعظم چوہدری محمد ارشد اولکھ اور خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد کی تجویز پر سینٹورس مال میں جاری متبرکات کی نمائش میں 15 جولائی تک توسیع کر دی گئی. انھوں نے سینٹورس مال کا دورہ کیا اور غلاف کعبہ، پردہ باب الکعبہ، چادر روضہ رسول و دیگر مقدس نوادرات و متبرکات کی نمائش دیکھی. وہ متبرکات کے روح پرور اور متاثر کن مناظر دیکھ کر بہت مسرور ہوئے اور کورونا وبا کے چیلنجز کے باوجود ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مال انتظامیہ کو مبارکباد دی. انہوں نے اس امر پر خصوصی اطمینان کا اظہار کیا کہ سینٹورس مال کی طرف سے کورونا وبا سے بچاؤ کیلئے حکومت کے مقرر کردہ تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے. انھیں احتیاطی اقدامات اور انتظامی میکنزم سے متعلق بریف کیا گیا جن پر سینٹورس مال کی جانب سے حفظان صحت کیلئے کئے عمل کیا جا رہا ہے. اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق مشیر برائے وزیر اعظم چوہدری محمد ارشد اولکھ نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب سفری پابندیوں کے باعث لوگ خانہ کعبہ، روضہ رسول و دیگر مقدس مقامات پر نہیں جا سکتے، غلاف کعبہ و دیگر اسلامی متبرکات کی زیارت کے ذریعے انہیں روحانی سکون حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، یہ نمائش انتہائی روحانی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس کا مقصد جڑواں شہروں کے وبا سے پریشان لوگوں کو سکون و اطمینان فراہم کرنا ہے. بڑھتے ہوئے اضطراب اور بے یقینی کی فضا میں نمائش کے مقدس مناظر دیکھ کر لوگوں کو روحانی سکون ملے گا. انھوں نے سینٹورس مال کی انتظامیہ پر زور دیا کہ نمائش میں توسیع کر دی جائے اور لوگوں کو متبرکات کی زیارت کا مزید موقع فراہم کیا جائے. انہوں نے کہا کہ یہ نمائش عوام میں بہت مقبول ہوئی ہے اور بہت سے لوگ اسے دیکھنے کیلئے آنا چاہتے ہیں. مال کی انتظامیہ نے ان کی تجویز پر فوری عمل کرتے ہوئے نمائش میں 15 جولائی تک توسیع کا اعلان کر دیا. 24 جون سے جاری نمائش میں اب تک ہزاروں افراد متبرکات کی زیارت کر چکے ہیں. ملک کے دوردراز شہروں سے بھی لوگ نمائش دیکھنے کے لئے سینٹورس آتے ہیں.