کورونا وبا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور ہیلتھ کیئر ورکرز نے انتہائی کٹھن حالات میں نہایت جانفشانی سے خدمات انجام دی ہیں اور فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کیا ہے، حمزہ شفقات

 
0
242

اسلام آباد 04 جولائی 2020 (ٹی این ایس): ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور ہیلتھ کیئر ورکرز نے انتہائی کٹھن حالات میں نہایت جانفشانی سے خدمات انجام دی ہیں اور فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کیا ہے. قوم ان کی جرات اور فرض شناسی پر انہیں سلیوٹ کرتی ہے. وہ ہفتہ کو کورونا وبا کے خلاف جنگ میں عزم و ہمت کے 100 دن مکمل ہونے پرسینٹورس مال میں ڈاکٹروں اور ہیلتھ کیئر ورکرز میں انعامات، سینیٹائزرز، ماسک اور دیگر حفاظتی اشیاء تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے. ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا وبا کے خلاف ڈاکٹروں، ہیلتھ کیئر ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی ہمت اور لگن سے کام کیاہے جس کے سب معترف ہیں. یہ لوگ اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر دوسروں کی زندگیاں بچانے کے لئے کوشاں ہیں. حمزہ شفقات نے کہا کہ ہیلتھ کیئر ورکرز اپنا فرض بڑے عزم و حوصلے سے ادا کر رہے ہیں، عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کر کے اپنی اور دوسروں کی حفاظت کیلئے کردار ادا کریں. انہوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں اور وفاقی دارالحکومت میں صورتحال میں خاصی بہتری آ رہی ہے. انہوں نے کہا کہ عوام نے ایس او پیز پر عمل جاری رکھا تو مزید اچھے نتائج سامنے آئیں گے.