شاندار کامیابیوں کی راہ پر گامزن او جی ڈی سی ایل نے میلہ فیلڈ سے تیل و گیس کی پیداوار میں اضافہ کر دیا میلہ آئل فیلڈ شکردرہ ضلع کوہاٹ صوبہ خیبرپختونخوا میں واقع ہے

 
0
303

اسلام آباد 8 جولائی 2020 (ٹی این ایس): آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(او جی ڈی سی ایل)نے شکر درہ ضلع کوہاٹ خیبرپختونخوا میں واقع میلہ آئل فیلڈ کے کنواں نمبر7 سے نہایت ہی کامیابی کے ساتھ ڈرلنگ اور دیگرٹیسٹ کرنے کے بعدخام تیل اور گیس کی کمرشل پیداوار کا آغاز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور پر مذکورہ کنواں نمبر7 کے زون سے او جی ڈی سی ایل ابتدائی طور پر 427 بیرل خام تیل اور5 ملین مکعب سکوائر فٹ گیس حاصل کررہی ہے۔واضع رہے بطور آپریٹر او جی ڈی سی ایل 56.45 فیصد شیئر جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ 28.55 فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگز(پرائیویٹ)لمیٹڈ 15 فیصد بالترتیب حصص کے مالک ہیں۔او جی ڈی سی ایل کی طرف سے مذکورہ کنواں نمبر7 سے حاصل ہونے والی 5 ملین گیس سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کے مین نیٹ ورک میں شامل کر دی گئی ہے۔
میلہ کنواں نمبر 7کی ابتدائی کھدائی اور ڈھانچہ او جی ڈی سی ایل کے انجینئر کی ذاتی کاوشوں کا ثمر ہے جو او جی ڈی سی ایل کے انجینئر ز نے اپنے طور پر کھودااور ٹیسٹوں کے تمام عمل سے گزرنے کے بعد اسے روبہ عمل میں لایا گیا۔اس کنویں کی 5,095میٹرز تک کھودائی کی گئی اور دتہ فارمیشن کی ہائیڈروکاربن کی صلاحیت کو ٹیسٹ کیا گیا۔او جی ڈی سی ایل یہاں سے فی الوقت 427بیرل خام تیل اور 5.0ملین مکعب فٹ یومیہ گیس بذریعہ 36/64″چوک ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر1780پی ایس آئی سے حاصل کر رہی ہے۔
یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ میلہ آئل فیلڈ جو کہ ابتدائی طور پر ستمبر2006 میں دریافت کی گئی تھی اور اب اس نئی تیل و گیس کی دریافت سے ناصرف او جی ڈ ی سی ایل،پی پی ایل،جی ایچ پی ایل بلکہ ملک کے ہائیڈروکاربن ریزروز میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا اوراس سے قومی خزانے میں بھی خام تیل کی درآمد کی مد میں خا صی بچت ہو گی۔تیل و گیس کی پیداوار میں یہ اضافہ صارفین اور صنعت کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کا بھی پیش خیمہ ثابت ہوگا۔او جی ڈی سی ایل ایم ڈی/چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد سلیم خان کے زیر سایہ اپنے جاری منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہچانے کے ساتھ ساتھ تیل و گیس کی نئی دریافتوں کیلئے ہمہ وقت پرعزم ہے۔