معذور افراد قوم کا اثاثہ ہیں، مشکلات حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے، چیف جسٹس 

 
0
366

اسلام آباد، ستمبر 07(ٹی این ایس): سپریم کورٹ نے پاکستان میں معذور افراد کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ معذور افراد قوم کا اثاثہ ہیں ان کی مشکلات حل کرنے پرخصوصی توجہ دی جائے ۔جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے معذور افراد کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

ا س موقع پرچیف جسٹس نے سیکرٹری شماریات کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو بہت بڑی ذمہ داری دی ہے، معذور افراد کیساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کیساتھ ساتھ ان کی مشکلات دور ہونی چاہئیں جس پر سیکرٹری شماریات نے عدالت کوبتایا کہ ہم نے معذور افراد کے حقوق کے حوالے سے کمیٹی قائم کردی ہے اورتوقع ہے کہ 15 روز میں معاملہ حل ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہم دو آپشنز پر غور کر رہے ہیں جس کے بارے میں معذورافراد کے ساتھ بھی مشاورت کی جائیگی۔چیف جسٹس نے کہا کہ معذور افراد بھی قوم کا اثاثہ ہیں ان کی مشکلات حل ہونی چاہیں ایک ماہ تک ان کے حوالے سے معاملات کو مکمل کیاجائے جس پر سیکرٹری شماریات نے عدالت کویقین دلایا کہ معذور افراد کا حق ان پر ہی خرچ ہو گا۔بعدازاں مزید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔