وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ

 
0
1642

ٹینکوں کی تیاری آرمرڈ پرسنل کیریئرز کی تشکیل نو ،عالمی الاقوامی معیارات کے مطابق دفاعی پیداوار کے حوالے سے آئندہ کے اہداف بارے بریفنگ دی گئی
وفاقی وزیر کی پاک فوج کی ابھرتی ہوئی طویل مدتی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی سہولیات کو جدید بنانے کیلئے حکومت کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی
ٹیکسلا، ستمبر 07(ٹی این ایس):وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے پاک فوج کی ابھرتی ہوئی طویل مدتی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی سہولیات کو جدید بنانے کیلئے حکومت کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔جمعرات کو وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کا دورہ کیا ۔ چیئرمین ایچ آئی ٹی لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف نے وفاقی وزیرکو ٹینکوں کی تیاری آرمرڈ پرسنل کیریئرز (اے پی سیز) کی تشکیل نو اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق دفاعی پیداوار کے حوالہ سے آئندہ کے اہداف کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ادارہ ایچ آئی ٹی کے تحقیق و ترقی کے شعبہ کے ذریعے آرمرڈ وہیکلز کو جدید بنانے کے بارے میں تندہی سے کام کر رہا ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر کو دیگر ممالک کے ساتھ ایچ آئی ٹی کے معاہدوں کے بارے میں بھی بتایا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے کہا کہ ایچ آئی ٹی ملک کی دفاعی پیداواری استعداد بڑھانے کیلئے عظیم خدمات انجام دے رہا ہے۔ ان کی وزارت اہداف کے حصول کیلئے ایچ آئی ٹی کو تمام تر معاونت فراہم کریگی۔ وفاقی وزیر نے ایچ آئی ٹی ڈسپلے سنٹر کا دورہ کیا جہاں الخالد ٹینک، الضرار ٹینک، آرمرڈ پرسنل کیریئر، بلٹ پروف گاڑیاں اور جیکٹس نمائش کیلئے رکھی گئی تھیں۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کینٹ کا بھی دورہ کیا۔ پی او ایف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیّد نسیم رضا نے انہیں ادارہ کے کردار اور منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی او ایف بورڈ لیفٹیننٹ جنرل صادق علی اور پی او ایف اور وزارت دفاعی پیداوار کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے پی او ایف کے نمائشی مرکز کا بھی دورہ کیا جہاں مختلف نوعیت کی بندوقیں، رائفلز، مشین گنیں، بلٹس، جیکٹس اور راکٹس رکھے گئے ہیں۔ چیئرمین پی او ایف بورڈ نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ یہ ملک کا مثالی دفاعی پیداواری کمپلیکس ہے جو ملکی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کیلئے روایتی ہتھیار اور ایمونیشن تیار کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی او ایف پاکستان کی آرمرڈ فورسزکیلئے ایک شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے۔ پلانٹ کو جدید بنانے سے متعلق وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ پرانے پلانٹس اور مشینری کو بتدریج تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری اپنی مصنوعات کو جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ کر سکے۔ وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے پی او ایف کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے جان کر دلی خوشی ہوئی کہ ڈیفنس کمپلیکس مسلح افواج کی مطلوبہ ضروریات پورا کر رہا ہے۔ انہوں نے پی او ایف انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کو درپیش مسائل جلد از جلد حل کر لئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر کو پراڈکٹ ڈسپلے لاؤنج لے جایا گیا جہاں انہوں نے پی او ایف میں تیار ہونے والی تمام مصنوعات کا مشاہدہ کیا۔ وفاقی وزیر نے وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔