تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تمام شواہد کے ساتھ اپنی مکمل منی ٹریل جمع کرادی ہے،فواد چوہدری

 
0
387

اسلام آبادجولائی22(ٹی این ایس )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تمام شواہد کے ساتھ اپنی مکمل منی ٹریل جمع کرادی ہے۔ اگر اسی طریقے سے نواز شریف بھی منی ٹریل مہیا کر دیتے تو نوبت یہاں تک نہ پہنچتی۔ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو عمران خان سے سیکھنا چاہئیے۔ یہ بات ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے آج اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لندن سے منی ٹریل منگوا کرعدالت میں جمع کرادی ہے اور ن لیگ کے اعتراضات دورکردیے ہیں۔ عمران خان نے لندن میں فلیٹ ایک لاکھ 17 ہزار پاؤنڈ میں خریدا تھا، 1980 میں وہ کاؤنٹی کے مہنگے ترین کرکٹر تھے، سسیکس کے ساتھ کھیلتے ہوِئے وہ غیرمقامی تھے اور سسیکس اپنا 20 سال سے زیادہ کا ریکارڈ نہیں رکھتی، 1977 سے 1979 تک انہوں نے کیری پیکر سیریز کھیلی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے بیٹے کا انگلینڈ میں 600 کروڑ کا فلیٹ ہے جب کہ عمران خان کا انگلینڈ میں فلیٹ صرف 50 لاکھ روپے کا تھا۔انہوں نے نے مزید کہا کہ عمران خان کی کاؤنٹی کرکٹ سے وابستگی کی تفصیلات ویب سائٹس پر دستیاب ہیں۔ ایک آدمی نے پوری زندگی کرکٹ کھیل کر ایک گھر بنایا جس کا حساب ہی ختم ہونے میں نہیں آرہا۔ ہم تو عمران خان کے بچپن تک کی منی ٹریل دے رہے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان نااہلی کیس سے کچھ نہیں نکلنا ۔ ان مقدمات کا انجام ردی کی ٹوکری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ سمیت کوئی بھی سیاسی پارٹی اپنی منی ٹریل دے تو پتہ لگ جائے گا۔ زرداری ہوں فضل الرحمان یا نوازشریف کوئی بھی عمران خان کی طرح ایک منی ٹریل دے کر دکھادے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات میں کوئی جان نہیں۔یہ کیسز پاناما کیسز کا ردعمل ہیں۔