اوگرا کے سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کرنا ناممکن ،آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا کل سے ملک گیرہڑتال کا اعلان  

 
0
383

لاہورجولائی22( ٹی این ایس )آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے کل (پیر )سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوگرا کے سیفٹی قوانین پر عمل درآمد کرنا ناممکن ہے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین شمس شاہوانی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوگرا کے قوانین پر عملدرآمد کرانے کی آڑ میں موٹروے اور ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹینکرز مالکان کو تنگ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے انہی گاڑیوں سے تیل کی رسد جاری تھی لیکن کسی کو خیال نہ آیا، اب اگر اوگرا کے تحت سیفٹی کے اقدامات کئے جائیں تو فی گاڑی 10 لاکھ روپے خرچ آ رہا ہے۔ ملک بھر میں 85 ہزار ٹینکرز کے ذریعے تیل سپلائی کیا جاتا ہے، حکومت کی پالیسیوں سے مجبور ہو کر ٹرانسپورٹرز نے غیرمعینہ مدت کے لئے ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں آئل ٹینکرز الٹنے کے 12 حادثات ہو چکے ہیں جبکہ 25 جون کو احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثے کے بعد لگنے والی آگ نے200 سے زائد زندگیاں نگل لی تھیں جس کے بعد اوگرا اور موٹر وے پولیس نے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے قوانین پر عملدرآمد کرانے کے لئے سخت اقدامات شروع کر دیئے ہیں