علی محمد خان کا قصور میں بچی زینب کے ساتھ پیش آنے والے سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

 
0
401

اسلام آباد جنوری 12(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کے رکن انجینئر علی محمد خان نے قصور میں بچی زینب کے ساتھ پیش آنے والے سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات کا اسلامی ملک میں ارتکاب انتہائی افسوسناک ہے ٗہمیں انگریز کے قانون کی بجائے اللہ کے قانون کو مدنظر رکھنا چاہیے ٗایسے واقعات کے مرتکب دس افراد کو لٹکایا جائے تو آئندہ کوئی ایسی جرات نہیں کرے گا۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے واقعہ پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز وہ متاثرہ بچی کے والد سے ان کے گھر ملنے گئے۔ ان کا دل انتہائی گرویدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا۔ ایسے واقعات کا ارتکاب ایک اسلامی ملک میں نہیں ہونا چاہیے۔ ہمیں انگریز کے قانون کی بجائے اللہ کے قانون کو نافذ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر مولانا فضل الرحمان سمیت تمام سیاسی اکابرین کو مل کر حکمت عملی وضع کرنی چاہیے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایسے افسوسناک واقعات کے حوالے سے ہمیں ایک خصوصی پارلیمانی کمیٹی بنانی چاہیے جو کسی بھی واقعہ کے بعد صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب اور اقدامات تجویز کرسکے۔