تبدیلی سرکار کا ایک اور وعدہ وفا، ڈھائی لاکھ پاکستانیوں کو مختلف ممالک سے وطن واپس لایا گیا

 
0
413

اسلام آباد 18 جولائی 2020 (ٹی این ایس): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تمام تر مشکلات کے باوجود بیرون ملک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کاوعدہ پورا کیا، سمندر پار پاکستانیوں کی ہرممکن مدد کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، وزیر اعظم نے کہا کہ ڈھائی لاکھ پاکستانیوں کو مختلف ممالک سے وطن واپس لایا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی طور پر ہوائی سفر میں شدید مشکلات درپیش رہیں لیکن حکومت نے تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کاوعدہ پورا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت اوورسیز پاکستانیوں سے ہرممکن تعاون کرے گی اور آئندہ بھی سمندر پار پاکستانیوں سے تعاون جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ یکم مئی سے اب تک سعودی عرب کے مختلف شہروں سے چلائی جانے والی 74 خصوصی پروازوں کے ذریعے 15ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپس آچکے ہیں۔