کسانوں اور زرعی شعبہ کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں، نعمان لنگڑیال مینگو فیسٹیول سےتاجر پیداوار متعارف کراسکیںگے، آصف نکئی،مشتاق غنی, فرخ حبیب کی میڈیا سے گفتگو

 
0
268

آم کی برآمد دوگنا کرنے کیلئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ عالمی منڈیوں تک پہنچے گا، سردار تنویر الیاس

اسلام آباد 12 اگست 2020 (ٹی این ایس): اسلام آباد کے واحد میگا مال سینٹورس نے ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کے اشتراک سے دو روزہ مینگو فیسٹیول کا اہتمام کیا ہے. پنجاب کے وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے بدھ کو فیسٹیول کا افتتاح کیا. اس موقع پرسپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی، پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلوے فرخ حبیب،پنجاب کے وزیر مواصلات و تعمیرات سردار محمد آصف نکئی، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان، وائس چانسلر ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی کے علاوہ .سابق وفاقی وزیر بہبود آبادی چودھری شہباز حسین اورمتعدد غیر ملکی سفارتکار اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں. سینٹورس مال گزشتہ دو سال سے ایم این ایس یونیورسٹی کے اشتراک سے اس ایونٹ کا انعقاد کر رہا ہے جس کا مقصد ملک میں آم کی کاشت کو فروغ دینا اور اس کی حوصلہ افزائی کرنا ہے. ہر سال آم کے کاشتکار، تاجر اورکاروباری افراد مال میں عارضی سٹال لگاتے ہیں جہاں جڑواں شہروں کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں سے بھی لوگ بڑی تعداد میں آتے ہیں. اس ایونٹ کا مقصد آم کی مقامی پیداوار کا فروغ اور ملک میں کاشت کی جانے والی اس کی مختلف اقسام کی پر شکوہ نمائش ہے. پھلوں کا بادشاہ آم پاکستان میں سٹرس کے بعد سب سے زیادہ کاشت کیا جانے والا پھل ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں اس کی 200 سے زائد اقسام کاشت کی جاتی ہیں. فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ حکومت زراعت میں ٹیکنالوجی اپنانے اور جدید ترین تکنیک کے استعمال پر زیادہ توجہ دے رہی ہے. زراعت کا ملک کی جی ڈی پی میں بڑا حصہ ہے اور ملک کی افرادی قوت کی بڑی تعداد اس سے وابستہ ہے. انہوں نے کہا کہ تجارت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت مقامی زرعی پیداوار کو دنیا بھر میں فروغ دینے کے لئے نئی راہیں تلاش کر رہی ہے. نعمان لنگڑیال نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں اور زراعت سے وابستہ تاجروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے اصلاحات متعارف کروا رہی ہے. وفاقی دارالحکومت میں مقامی آم کے فیسٹیول کے انعقاد سے ہمارے دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کی توجہ اس طرف مبذول ہوئی ہے اور بیرون ملک اس کی طلب میں کئی گنا اضافے کا امکان ہے. سپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں زرعی برآمدات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار آصف نکئی نے کہا کہ مینگو فیسٹیول کا انعقاد آم کے کاشتکاروں اور اس سے منسلک تاجروں کیلئے نہایت سود مند ہے، اس سے انہیں اپنی پیداوار متعارف کرانے کا بہترین موقع ملے گا.پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت میں اس طرح کے فیسٹیول کے انعقاد سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا۔ اس موقع پر چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے مینگو فیسٹیول کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں گرمی کا موسم آم کے بغیر نا مکمل ہے. پاکستان میں دنیا کے بہترین آم پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت ہے اور ملک کی زرعی استعداد میں اضافہ کر کے اقتصادی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے. انہوں نے کہا کہ آم کی برآمد دوگنا کرنے کا ہدف لے کر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ عالمی منڈیوں تک پہنچے گا. انہوں نے کہا کہ پنجاب پہلے ہی ملک میں آم کی 1.7 ملین ٹن پیداوار کا 70 فیصد پیدا کر رہا ہے. وائس چانسلر ایم این ایس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے میڈیا کو بتایا کہ یونیورسٹی آم کی پیداوار پر ریسرچ کے لئے پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے اور ہمارا مقصد اس کی فی ایکڑ پیداوار میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا ہے. یونیورسٹی میں ہائی ڈینسٹی آم کی کاشت کا ایک ماڈل باغ بنایا گیا ہے جبکہ یونیورسٹی کی فیکلٹی آم کی پیداوار کو زیادہ سے زیادہ منافع بخش بنانے کے لئے کسانوں کی تربیتی ورکشاپس بھی منعقد کر رہی ہے. انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے “یونی فریش مینگوز” کا برانڈ متعارف کرایا ہے اور پھل کو لکڑی کے کریٹس کے بجائے گتے کے ڈبوں میں پیک کیا جا رہا ہے تاکہ اس کا ضیاع کم سے کم ہو. ڈاکٹر آصف علی نے بتایا کی یونیورسٹی نے آم کی برآمد میں درپیش چیلنجز کا جائزہ لینے کے لئے ویبینارز کا سلسلہ بھی شروع کیا اور آم کی پائیدار پیداوار کے لئے سفارشات مرتب کی ہیں.۔ دو روزہ مینگو فیسٹیول جمعرات 13 اگست کی شام تک جاری رہے گا. سینٹورس مال کے ایک حصے میں اسلامی متبرکات و مقدس نوادرات کی نمائش جاری ہے تاکہ لوگ ان کی زیارت سے روحانی تسکین حاصل کر سکیں.