ارض پاک کے دشمن پھر سرگرم ہوگئے، سرچ آپریشن کے دوران 3 فوجی جوان شہید

 
0
327

ضلع جنوبی وزیرستان 31 اگست 2020 (ٹی این ایس): خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 3 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں فائرنگ سے 3 جوان شہید ہوگئے۔

فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں سپاہی سلیم، صوبیدار ندیم اور لائنس نائیک مصور شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 فوجی جوان زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ جولائی میں شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔ شہید اہلکاروں میں محمداسماعیل،محمد شہباز، رضوان اور وحید شامل ہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال 26 اپریل کو شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔