لاہور جولائی22(ٹی این ایس ):گاڑیوں کے لیے بینکوں سے لیے گئے قرض کا حجم 150 ارب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری کا حجم 30 ارب روپے سے بڑھ گیاہے۔مرکزی بینک کے اعداد وشمار کے مطابق ایک سال کے دوران بینکوں سے کاروں اور دوسری ٹرانسپورٹ کے لیے مجموعی طور پر 38 ارب روپے قرض لیا گیا جس سے گاڑیوں کے لیے بینکوں کی طرف سے دئیے گئے قرضوں کا مجموعی حجم 150 ارب 28 کروڑ 10 لاکھ روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اس عرصے میں عوام کی طرف سے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کی جانے والی شاپنگ میں بھی 5 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا، کریڈٹ کارڈز کے ذریعے لیا گیا قرض 30 ارب 8 کروڑ 10 لاکھ روپے ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران ٹرانسپورٹ، گھروں اور دوسرے مقاصد کے لیے عوام کی طرف سے بینکوں سے مجموعی طور پر 70 ارب روپے کے نئے قرضے لیے گئے جس سے صارفین کے قرضوں کا حجم 307 ارب 80 کروڑ 50 لاکھ روپے سے تجاوز کر گیا۔گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 25 ارب 55 کروڑ روپے کے قرضے لیے گئے تھے۔