پرائیویٹ اسکولزفیڈریشن نے اسکولز بند کرنے کی تجویز مسترد کردی

 
0
195

اسلام آباد 12 نومبر 2020 (ٹی این ایس): آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اسکولز بند کرنے کی تجویز مسترد کردی ہے۔

صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز کی وجہ حکومتی نااہلی اور جلسے ہیں، کورونا میں کروڑوں طلبا کی تعلیم کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) غیر قانونی سیاسی اجتماعات کا نوٹس لے، صرف اسکولز میں ایس او پیز پر عمل کیا جا رہا ہے۔

کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ سیاسی اجتماعات و جلسے حکومتی پالیسی اور این سی او سی کے فیصلوں کی تضحیک ہے۔

صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے کہا کہ وقت کی قلت کی وجہ سے موسم سرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی، تعلیمی سال اپریل کے بجائے اگست تک کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہیں۔

دوسری جانب وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ جن تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہورہے ہیں انہیں سیل کررہے ہیں اور اگر ماضی جیسی صورتحال ہوئی تو اسکول بند کرنے پڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں رنڈم ٹیسٹنگ ہورہی ہے۔ بچوں اور اساتذہ کی زندگیاں زیادہ ضروری ہیں۔

وزیرتعلیم پنجاب نے کہا کہ مارکیٹس اور ریسٹورنٹس میں ایس ا وپیز کی زیادہ خلاف ورزی ہورہی ہے۔ کورونا کیسز میں اضافے کی بڑی وجہ سماجی تقریبات ہیں۔

ان کا کہنا تھا تاثر دیا جارہا ہے پنجاب کے وزیر تعلیمی ادارے بند نہیں کرنا چاہ رہے۔ مراد راس نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اسکول بند نہیں ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آن لائن ایجوکیشن سے مطمئن نہیں ہیں۔ آن لائن ایجوکیشن میں طلبا اساتذہ پر توجہ نہیں دیتے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے بین الصوبائی وزرائے تعلیم نے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جو16 نومبر ہوگا۔