پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں کے بعد دنیا لاتعلق نہیں رہ سکتی: وزیراعظم عمران خان

 
0
276

اسلام آباد 14 نومبر 2020 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت دنیا کو دے دیئے ہیں اس کے بعد دنیا خاموش یا لاتعلق نہیں رہ سکتی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی ریاست براہ راست ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بھارت مالی معاونت بھی کرتا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ عالمی برادری بھارت کو اپنی دہشت گردی کے خاتمے اور پاکستان میں ہزاروں بے گناہ لوگوں کے قتل کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر مجبور کرے گی۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کر دیے ہیں۔