اسلام آباد (ٹی این ایس) راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) نے عالمی یوم کھیل کو منانے کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں پاکستان میں ذمہ دارانہ اسپورٹس رپورٹنگ کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا
اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں سینئر اسپورٹس صحافیوں، کھلاڑیوں، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن سمیت مختلف اسپورٹس فیڈریشنز کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران نامور سینئر صحافیوں کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ نوجوان صحافیوں کو اعلیٰ صحافتی اقدار اپنانے کی ترغیب دی گئی۔
رسجا کے صدر ابوبکر بن طلعت نے تقریب کی صدارت کی جبکہ سرپرست عبدالمحی شاہ اور چیٸرمین شکیل اعوان خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اسپورٹس جرنلسٹس صرف مقابلوں کی کوریج نہیں کرتے بلکہ وہ قومی فخر، فیئر پلے اور اولمپک جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کی خاص بات پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے اسپورٹس صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا خصوصی پیغام تھا۔ پی او اے کے صدر عارف سعید اور سیکرٹری جنرل محمد خالد محمود نے اپنے پیغام میں اسپورٹس میڈیا کی خدمات کو سراہتے ہوے کہاکہ عالمی یوم کھیل کے موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن دنیا بھر کے اسپورٹس صحافیوں، خاص طور پر پاکستان کے باہمت صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کے لیے پُرعزم ہیں کہ اسپورٹس صحافیوں کے ساتھ مل کر ایک ایسا کھیلوں کا ماحول پیدا کریں جو اخلاقی، متاثرکن اور ہماری نوجوان نسل کے قابلِ فخر ہو۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا جبکہ کھیلوں کی صحافت کو درپیش جدید دور کے چیلنجز اور سوشل میڈیا کے کردار پر مباحثہ بھی منعقد ہوا۔