بھارتی حکومت مقبوضہ جموں کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا ڈرامہ کر رہی ہے: مشعال ملک

 
0
278

اسلام آباد 28 نومبر 2020 (ٹی این ایس): کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ تمام حریت قیادت نے ڈرامہ بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے، کشمیری نام نہاد بھارتی الیکشن کو نہیں مانتے۔

تفصیلات کے مطابق کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا ڈرامہ کر رہی ہے، تمام حریت قیادت نے انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کر رکھی ہے، پلوامہ میں بھارتی فورسز نے 2 نوجوانوں کو شہید کیا، کشمیری نام نہاد بھارتی الیکشن کو نہیں مانتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج نے کل رات سینکڑوں نوجوان گرفتار کیے، بھارتی فوج نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔

اس سے قبل اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مشعال ملک نے کہا تھا کہ کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالا جارہا ہے، پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ بھارت کو بلیک لسٹ کیا جائے، دنیا کو اب جاگنا ہوگا۔

انہوں نے کہا تھا کہ دنیا میں کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن جیسی صورت حال ہے، بھارت نے فائدہ اٹھا کر مظالم اور کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھا، بھارت نے حال ہی میں نیو ڈومیسائل جیسا کالا قانون پاس کرایا۔