میلوڈی چوک سے آبپارہ چوک تک بندسڑک کو جلد کھولا جائے۔سردار یاسر الیاس خان

 
0
304

جی سکس مرکز میں فروٹ و سبزی مارکیٹ کو فعال بنایا جائے۔ عبدالرحمٰن خان، میاں اکرم فرید
سی ڈی اے میلوڈی مارکیٹ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ سید عادل انیس 
اسلام آباد 16 دسمبر 2020 (ٹی این ایس): اسلام آباد (   )  جی سکس مرکز میلوڈی مارکیٹ کی ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے صدر سید عادل انیس کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان کو اپنی مارکیٹ کے اہم مسائل سے آگاہ کیا۔ زاہد بٹ سینئر نائب صدر، بلال خان سیکرٹری جنرل، راجہ کنور سکریٹری خزانہ، نعیم خان پریس سکریٹری اور دیگر وفد میں شامل تھے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عبد الرحمن خان، چیئرمین فاؤنڈر گروپ میاں اکرم فرید، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، سابق نائب صدر محمد حسین اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ جی سکس مرکز میلوڈی مارکیٹ اسلام آباد کا ایک اہم تجارتی مرکز ہے لیکن عدم توجہ کی وجہ سے متعدد مسائل کا شکار ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے میلوڈی مارکیٹ کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ نیب آفس کیلئے سیکورٹی انتظامات کی وجہ سے میلوڈی چوک سے آبپارہ چوک تک سڑک دونوں اطراف سے بند کی گئی ہے لیکن سڑک کی بندش سے تاجروں اور مسافروں کو مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک فیصلے میں ایسی تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کا حکم دیا تھا اور ضرورت اس بات کی ہے کہ سی ڈی اے ٹریفک کی روانی کو بہتر کرنے کے لئے رکاوٹیں ہٹا کر مذکورہ بند سڑک کو جلد کھولنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی میلوڈی مارکیٹ کے تاجروں کے مسائل حل کرانے کے لئے ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ 

آئی سی سی آئی کے نائب صدر عبد الرحمن خان اور فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فریدنے کہا کہ میلوڈی مارکیٹ میں فروٹ اور سبزی مارکیٹ کے لئے بنیادی ڈھانچہ تیار ہے لہذا سی ڈی اے اس کو جلد فنکشنل بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے میلوڈی مارکیٹ کی خوبصورتی کو بہتر کرنے کیلئے درختوں کو کاٹنے اور پھولوں کے پودے لگانے پر توجہ دے۔  

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٹریڈرز ویلفیئرایسوسی ایشن جی سکس مرکز میلوڈی مارکیٹ کے صدر سید عادل انیس صدر اور سیکرٹری جنرل بلال خان نے کہا کہ میلوڈی مارکیٹ میں بہت سی اسٹریٹ لائٹس طویل عرصے سے خراب پڑی ہیں لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے بغیر مزید تاخیر کے خراب سٹریٹ لائٹس کو جلد بحال کرے اور جہاں لائٹس نہیں ہیں وہاں نئی لائٹس لگائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جی سیکس مرکز میں سڑکیں اور فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں لہذا سی ڈی اے سڑکوں کی کارپٹنگ اور فٹ پاتھوں کو مرمت کرنے کی کوشش کرے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میلوڈی مارکیٹ میں پینے کے صاف پانی کے لئے ایک فلٹریشن پلانٹ کی ضرورت ہے اور مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے کو اس کی تنصیب کا بندوبست کرے۔