ایڈیشنل سیکرٹری مشتاق احمد کی قومی اسمبلی کیلئے تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط خدمات قابل ستائش ہیں، سیکرٹری قومی اسمبلی

 
0
205

اسلام آباد 08 جنوری 2021 (ٹی این ایس): اسلام آباد (آئی پی ایس)سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین نے کہا ہے کہ قانون سازی قومی اسمبلی کے ایوان کا بنیادی کام ہے جس کے لیے ماہرین اور دانشور اہمیت کے حامل شخصیات کے ٹیم ورک کی ضرورت ہوتی ہے، اس سلسلے میں محمد مشتاق احمد ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی کی تین دہائیوں سے زائد عرصہ پر محیط خدمات قابل ستائش ہیں، وہ قومی اسمبلی میں قانون سازی کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں، محمد مشتاق کی اپنے ادارے کے لیے پیش کی جانے والی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ایڈیشنل سیکرٹری (قانون سازی) محمد مشتاق کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ان کے عزاز میں منعقدہ ریفرنس میں شریک شرکا سے خطاب کررہے تھے۔

سیکرٹری قومی اسمبلی نے ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی محمد مشتاق کی ادارے کے لیے پیش کی جانے والی ناقابل فراموش خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قانون سازی کے شعبے میں ان کی شخصیت ادارے کے دیگر عملے کے لیے مشعل راہ ہے کی حیثیت رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایوان کی کارروائی کو ہمیشہ خوش اسلوبی اور افہام و تفہیم سے چلانے کے لیے اپنی ماہرانہ رائے پیش کیں ہیں جنہیں ادارہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ قمر سہیل لودھی اسپیشل سیکرٹری (پی اے سی) نے بھی ایڈیشنل سیکرٹری محمد مشتاق کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیکرٹریٹ قانون سازی کے عمل اور ایوان کی کارروائی میں ان کی گرانقدر خدمات کی ہمیشہ کمی محسوس کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے عملے کو آئین کے بارے میں رہنمائی دینے اور ان کی استعداد کار میں اضافے کے لئے ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ریٹائرڈ ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی محمد مشتاق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعزاز میں ریفرنس کی تقریب منعقد کرنے پر وہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران اور عملے کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے اپنی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے سخت محنت اور استعداد میں اضافہ انسان کو اپنے کام میں ایک منفرد مقام دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی سرکاری کام پر اپنے ذاتی یا سماجی کام کو ترجیح نہیں دی جس کا صلہ آج انہیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے منعقدہ ریفرنس میں اعلی افسران اور عملے کی طرف سے تعریفی کلمات اور خراجِ تحسین کی صورت میں ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ سخت محنت، لگن اور ذمہ داری کو اپنا شعار بنانے والی شخصیت کو دنیا میں کامیابی کی منازل طے کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مجموعی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے تمام عملے کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے نبردآزما ہونے کے لیے سخت محنت، لگن اور اور اپنی استعداد کار کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ساتھ اپنے گہرے روابط کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سروس کے دوران انہیں کے ساتھ تعاون کرنے پر وہ ان تمام افسران اور عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ان کی ہمیشہ رہنمائی کی۔ تقریب میں قومی اسمبلی سیکریریٹ کے اعلی افسران سمیت عملے کی کثیر تعداد بھی شریک تھی۔