پاکستان میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، پورا ملک تاریکی میں ڈوب گیا، بحالی کا عمل جاری

 
0
163

اسلام آباد 09 جنوری 2021 (ٹی این ایس): ملک میں ہفتے کی شب بجلی کے ایک بڑے بریک ڈاؤن کے بعد تمام چھوٹے بڑے شہر اور دیہات تاریکی میں ڈوب گئے تاہم اب پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی بحالی شروع کر دی گئی ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق رات 11:41 بجے پر گدو میں فالٹ پیدا ہوا ہے جس کی وجہ سے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ ہوئی اور ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکونسی 50سے 0پر آئی ہے اور بریک ڈاؤن ہو گیا۔

اس بریک ڈاؤن کے بعد ملک کے بڑے بجلی گھروں جہلم، منگلا، تربیلا میں پاور پلانٹس بند ہونے کی وجہ سے سندھ ،پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بجلی کانظام درہم برہم ہو گیا۔

بریک ڈاؤن کی وجہ سے آزاد کشمیر بھی تاریکی میں ڈوب گیا۔

تاہم اب حکام کا کہنا ہے کہ تربیلا، منگلا اور وارسک پاور ہاؤس کے یونٹس سے بجلی کی پیدوار کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کے بعد اسلام آباد سمیت دیگر مقامات پر بجلی کی بحالی شروع ہو گئی ہے۔

تازہ ترین – بجلی کہاں کہاں بحال ہو گئی:

گجرخان اور جہلم میں بجلی کی بحالی شروع
ملتان میں بجلی بحال کردی گئی ہے،معاون خصوصی شہباز گل
کراچی: بجلی بحالی کا کام شروع کردیا گیا، ترجمان کے الیکٹرک
کراچی: ولیکا، اوتھل، کے ڈی اے، ملیر، ایف بی ایریا کے چند مقامات پر بجلی بحال
انجینئیرنگ ڈیپارٹمنٹ مکمل بحالی کے لئے کوشاں ہے،ترجمان کے الیکٹرک
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کا راول گرڈ بھی بحال کر دیا گیا ہے
راول گرڈ سے ریڈ زون کی بجلی بھی بحال ہوچکی ہے
کیپکو کو گیس کی سپلائی دے دی گئی ہے جس سے ملتان کے علاقوں میں بجلی بحالی شروع ہو جائے گی
منگلا بھی چلا دیا گیا ہے
اسلام آباد میں بجلی کی بحالی شروع
اسلام آباد میں ڈی ایچ اے، سواں اور روات کے کچھ علاقوں میں اس وقت صارفین کے لیول تک بجلی بحالی کر دی گئی ہے
تربیلا پاور ہاؤس کے 3 یونٹس چلا یئے گئے ہیں
وارسک پاور ہاؤس کے یونٹس بھی چلا دئے گئے ہیں
ترسیلی نظام میں بجلی کی فریکونسی ملائی جا رہی ہے
ترتیب وار بجلی بحالی کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے
ابتدائی فریکونسی جوں ہی مل جائے تو باقی بحالی کا کام تیزی سے ہوتا ہے
‘فریکوئنسی اچانک 50سے 0 پر آنے سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا’
ترجمان پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کے ترسیلی نظام میں فریکوئنسی اچانک 50سے 0 پر آنے سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا۔

ترجمان پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ فریکوئنسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔

تربیلا کو چلانے کی کوشش جاری: عمر ایوب

وفاقی وزیر پاور اس وقت خود پورے سسٹم کی بحالی کی نگرانی کیلئے نیشنل پاور کنٹرول سنٹر میں موجود ہیں
ترجمان پاورڈویژن کے مطابق تمام ٹیمیں اس وقت اپنے اپنے اسٹیشن ہر پہنچ چکی ہیں ، وفاقی وزیر پاور عمر ایوب بجلی بحالی کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب نے عوام سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئےکہا ہے کہ اس وقت تربیلا پاور پلانٹ کو چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

‘بریک ڈاؤن کی وجہ تلاش کر لی گئی’
ترجمان پاور ڈویژن نے ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق گدو میں 11:41پر فالٹ پیدا ہوا ہے جس کی وجہ سے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ ہوئی اور ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکونسی 50سے 0پر آئی ہے۔

بجلی کہاں کہاں غائب ہے؟
لاہور میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ وہ فالٹ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ادھر ملک کے سب بڑے شہر کراچی میں بھی بجلی آدھی رات کو اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کراچی میں بجلی تقسیم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں بڑا بریک ڈاون ہوا ہے جس کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

اس بڑے بریک ڈاؤن کے باعث جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ترجمان فیسکو کے مطابق فیصل آباد کے آٹھ اضلاع میں 200 سے زائد گرڈ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ترجمان فیسکو کا کنا ہے کہ فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ، سرگودھا، خوشاب، منڈی بہاؤالدین، بھکر کے تمام علاقے بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

کوئٹہ میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے کیسکو کے حکام کا کہنا ہے کہ گدو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی، جس کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 30 اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ادھر آزاد کشمیر کے ضلع میرپور میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔