اسلام آباد 12 جنوری 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے بجلی بریک ڈاؤن کے بارے میں ابتدائی رپورٹ کابینہ کو پیش کردی ہے۔
وزیر توانائی کی جانب سے دی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 9 جنوری کی رات کو ملک میں بدترین بلیک آؤٹ فنی خرابی کی وجہ سے نہیں بلکہ انسانی غلطی سے ہوا۔
دوسری جانب گڈو پاور پلانٹ کے سوئچ یارڈ میں لگے ایک بریکر کی مینٹیننس جاری تھی کہ دن کو کام کرنے والا عملہ سرکٹ بریکر کو بند کیے بغیر چلا گیا۔
رات کی شفٹ میں عملے نے سرکٹ بریکرکی ارتھنگ ختم کیے بغیر اسے بند کیا، ارتھنگ ہٹائے بغیر سرکٹ بریکر کو بند کرنے سے گڈو پاور پلانٹ بیٹھ گیا۔
گڈو پاور پلانٹ بند ہونے سے پلانٹ سے نکلنے والی ٹرانسمیشن لائنیں بھی ٹرپ کرگئیں۔
ذرائع کے مطابق گڈو پاورپلانٹ کے بریکر کی مینٹیننس بھی بغیر منظوری کی جارہی تھی۔
دوسری جانب پاور جنریشن کمپنی نے کارروائی کرتے ہوئے گڈو تھرمل پاور اسٹیشن کے 7 ملازمین معطل کردیے۔