جاپان 13 جنوری 2021 (ٹی این ایس): جاپانی حکومت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے جاری پھیلاؤ کے تناظر میں ملک میں تمام غیر ملکیوں کا داخلہ معطل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انتہائی مہلک قرار دی جانے والی کورونا وائرس کی نئی اقسام کی برطانیہ اور دیگر ممالک میں تصدیق کے بعد جاپان نے گزشتہ ماہ غیر ملکیوں کی تمام نئی آمد روک دی تھی تاہم دس ایشیائی ممالک اور تائیوان سے کاروباری افراد کے داخلے کی اجازت برقرار رکھی تھی۔
ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد داخلہ پابندیوں کو مزید سخت کرنے کے پہلے مرحلے کے طور پر حکومت جاپان اس سے قطع نظر تمام مسافروں کا داخلہ معطل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے کہ ان کے ممالک میں کورونا وائرس کی مذکورہ قسم کی تصدیق ہوئی ہے یا نہیں۔
ماسوا ان افراد کے جن کے کسی رشتہ دار کی آخری رسومات یا بچے کی پیدائش جیسی خصوصی وجوہات کے کسی بھی غیر ملکی کو جاپان میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم سُوگا یوشی ہیدے نے گزشتہ ہفتے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ اُن ممالک یا علاقہ جات کے سفر پر جانے یا وہاں سے آنے کے سفر پر پابندی عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق ہو چکی ہے تاہم ان کی جماعت اور دیگر رہنماوں نے کہا تھا کہ یہ حکومتی اقدام ابہام کا باعث بنیں گے۔