کویت کے وزیراعظم نے کابینہ اراکین کے استعفے امیر کویت کو پیش کردئیے

 
0
219

کویت 13 جنوری 2021 (ٹی این ایس): کویت کے وزیراعظم صباح الخالد الصباح نے کابینہ اراکین کے استعفے امیر کویت کو پیش کردئیے ہیں۔

کویت کے وزیر اعظم صباح الخالد الصباح نے آج امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح کو اپنی کابینہ کا استعفیٰ پیش کیا۔

کویت کے وزرا اور کابینہ اراکین نے انتظامی معاملات میں‌ کشیدگی پیدا ہونے کے بعد وزیراعظم کو اپنے استعفے پیش کئے تھے، استعفے دینے والوں میں کویت کے نائب وزیراعظم، وزیر دفاع سمیت کابینہ کے تمام اراکین شامل تھے۔

اراکین اسمبلی نے کابینہ اور حکومت کے نئے ڈھانچے کی تشکیل کے معاملے پر اختلاف کرتے ہوئے احتجاجاً اپنے عہدوں سے استعفے دیئے، یہ استعفے اُس وقت سامنے آئے جب چند روز قبل اراکین اسمبلی نے کابینہ کی تشکیل نو سمیت دیگر امور پر وزیر اعظم سے سوال کرنے کے لئے ایک تحریک پیش کی تھی۔

یاد رہے کہ 14 دسمبر کو تشکیل دی جانے والی کابینہ کے استعفے کی توقع اس ماہ کے شروع میں پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی قرار داد کے بعد کی جارہی تھی۔تیس اراکین اسمبلی کی جانب سے پانچ جنوری کو ایوان کے پہلے سیشن میں قرار داد پیش کی گئی تھی، جس میں وزیراعظم سے قومی چلینجز، معاشی تنزلی اور انتخابات میں شکست کی وجہ کے حوالے سے مختلف سوالات پوچھے گئے تھے، وزیراعظم کو 19 جنوری کو ہونے والے اسمبلی اجلاس میں اُن تمام سوالات کے جوابات دینا تھے جو اراکین اسمبلی نے اُن سے کیے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ امیر کویت جن کا ریاست کے معاملات میں فیصلہ حتمی ہوتا ہے، کابینہ کا استعفیٰ قبول کریں گے یا نہیں۔