وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) چیئر مین نے اپنے وسائل،مشنری اور افرادی قوت کو استعمال کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندرایف ٹین سروس روڈ ایسٹ کو سگنل فری بنانے کی ہدایات جاری کردیں

 
0
153

اسلام آباد 18 جنوری 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) چیئر مین نے اپنے وسائل،مشنری اور افرادی قوت کو استعمال کرتے ہوئے ایک ماہ کے اندرایف ٹین سروس روڈ ایسٹ کو سگنل فری بنانے کی ہدایات جاری کردیں۔گزشتہ روزڈائریکٹر ایم پی او،ڈائریکٹر انوائرمنٹ سمیت دیگر متعلقہ افسران و عملہ کے ہمراہ ایف ٹین کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے ایف ٹین سگنل فری منصوبے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے موجودہ وسائل کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم مذکورہ منصوبہ اپنے شعبہ ایم پی او کی مددسے موجودہ وسائل،مشنری اور افرادی قوت سے مکمل کریں گے۔چیئر مین سی ڈی اے نے کہا کہ ہم ایف ٹین سگنل فری منصوبہ کا تمام تر تعمیراتی مواد( کنسٹرکشن میٹیریل )شعبہ ایم پی کے اسفالٹ پلانٹ پر تیار کیا جائے گا،جس سے مذکورہ منصوبے کی لاگت انتہائی کم ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم منصوبے کوکم سے کم وقت میں مکمل کرنا چاھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ایف ٹین مرکز اور ایف نائن پارک آنے والے تمام شہریوں کو نہ صرف رسائی بلکہ بہت سہولت بھی ہوگی۔ چیئر مین سی ڈی اے نے کہا کہ مزکورہ ٹریفک منیجمنٹ پلان نہ صرف ٹریفک کے بھائو کوکم کرے گا بلکہ ایف ٹین کے دونوں مراکز میں ٹریفک کے حادثات کوبھی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ناظم الدین روڈ اورسرینا چوک کیلئے بھی ٹریفک منیجمنٹ پلان ترتیب دے کر ان پربھی سگنل فری روڈ بنانے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مزکورہ منصوبہ اپنی نوعیت کاایک منفرد منصوبہ ہوگا جس کی تکمیل مکمل طور پر سی ڈی اے اپنے وسائل سے کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کیلئے سی ڈی اے کے پاس اپنے شعبہ ایم پی او کی مشنری اورمکسنگ اسفالٹ پلانٹ موجود ہے،تاہم منصوبے کی تکمیل میں معیار پرکوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔