وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے)انتظامیہ کی جانب سےشاہ اللہ دتہ میں قبضہ مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کردیا

 
0
647

اسلام آباد 27 جنوری 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے)انتظامیہ کی جانب سےشاہ اللہ دتہ میں قبضہ مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔دوران آپریشن قبضہ مافیا سے 100کنال اراضی واگزار کروالی گئی۔بااثرقبضہ مافیا نے جنگلات کی 800کنال سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے پلاٹنگ اورتعمیرات کررکھی تھیں۔ آپریشن میں شعبہ انفورسمنٹ کے علاوہ ڈی ایم اے کی مشنری،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پرموجود رہی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے زون 3شاہ اللہ دتہ میں وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے ) کی 8 سو کنال جنگلات کی اراضی پربااثرقبضہ مافیا نے قبضہ کرکے غیرقانونی تعمیرات کررکھی تھیں۔مزکورہ اراضی 1989 سے سی ڈی اے کی ملکیت ہے۔مزکورہ جنگلات کی زمین کو پلاٹس کی صورت میں سادہ لوح لوگوں کو فروخت کیا جا رہا تھا۔غیر قانونی اراضی کراچی اور سمندر پار پاکستانیوں کوبھی فروخت کی جا رہی تھی۔با اثر افراد غیر قانونی قبضوں اور فروخت میں ملوث ہیں۔تاہم گزشتہ روز سی ڈی اے انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ طور پر آپریشن کرتے ہوئے مذکورہ بااثر قبضہ مافیاسے 100 کنال سرکاری اراضی واگزار کروالی ہے۔مزکورہ اراضی پر بڑی تعداد میں غیرقانونی تعمیرات کی گئی تھیں جن میں گھروں کے علاوہ بلند و بالا عمارتیں اور پلازے اور اسٹرکچرز بھی تھے، تاہم مذکورہ غیر قانونی تعمیرات کو موقع پرہی مسمار کردیا گیاہے۔آپریشن آئندہ پورے ہفتے جاری رہے گا۔موقع پر قبضہ مافیا آئندہ کسی بھی قسم کی غیرقانونی تعمیرات نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں،بصورت دیگر قبضہ مافیا کے خلاف نہ صرف آپریشن بلکہ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔